لاہور (نیوزڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گزشتہ ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کی بات کی جائے تو اس میں پاکستان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔
چیمپئنز ٹرافی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 5 بار آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے 3 بار پاکستان فاتح رہا ہے جب کہ 2 بار بھارت کو فتح حاصل ہوئی ہے۔
دونوں ٹیمیں پہلی بار 2004ء کی چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آئی تھیں، انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلےگئے میچ میں انضام الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا 2009ء میں ہوا تھا جس میں بھی قومی ٹیم نے بھارت کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔
تیسری بار اس ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 2013ء میں برمنگھم میں ٹکرائی تھیں جہاں پہلی بار بھارتی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی تھی۔
بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستانی ٹیم 40 ویں اوور میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے ہاتھ میں تھی۔
چوتھی بار دونوں ٹیمیں 2017ء میں ایک بار پھر برمنگھم میں آمنے سامنے آئیں جہاں جیت دوبارہ بھارتی ٹیم کے حصے میں آئی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 48 مقررہ اوور میں 319 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 34 ویں اوور میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پانچویں بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے فائنل میں ہوا جہاں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی اور پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیتنےکا اعزاز حاصل کیا۔
Comments