ملایّئشیا (نیوزڈیسک( پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملائیشیا پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کا حلال گوشت درآمد کرے گا۔
انھوں نے یہ بات منگل کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔
سرکاری خبر رساں ادار اے پی پی کے مطابق، دونوں ممالک نے مختلف شعبوں بشمول تجارت، تعلیم، حلال سرٹیفکیشن میں باہمی تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف جو کہ اپنے پہلے سرکاری دورے پر ملائیشیا میں موجود ہیں کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہتا ہے تاکہ اس کی مہارت سے سیکھا جا سکے اور باہمی طور پر فائدہ مند منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت درآمد کرنے کے فیصلے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں ملائیشیا کے درآمد کنندگان اور حکام کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ کوٹہ مارکیٹ پرائس میکانزم کے تحت ریگولیٹ کیا جائے گا اور ملائیشیا کے کسٹم اور فوڈ اتھارٹیز کی طرف سے مقرر کردہ تمام حلال سرٹیفیکیشن کے تقاضوں کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
Comments