کوالالمپور (نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف پی ایچ ڈی ڈاکٹر بن گئے، انہیں پی ایچ ڈی ڈاکٹریٹ لیڈر شپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے دورہ ملائیشیاء کے دوران محمد شہباز شریف کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی، یہ اعزاز وزیراعظم کی قیادت، گورننس اور عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ اعزازی ڈگری ریاست پہانگ کی ملکہ اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم کو پیش کی، اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، یونیورسٹی انتظامیہ، طلباء و طالبات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعظم اور پہانگ کی ملکہ نے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی، انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں مقصد سے جڑی ہوتی ہے، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور طرزحکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کرنا اعزاز ہے۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری حاصل کرنا میرے لیے اعزاز ہے، بطور وزیر اعظم پاکستان اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں اپنی انسانی کمزوریوں کے باوجود نے میں نے پوری ایمانداری اور متزلزل عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، ہمیشہ خلوص نیت اور ثابت قدمی سے عوام کی خدمت کرتا ہوں، 4 دہائیوں سے زیادہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی، آج بطور وزیراعظم کر رہا ہوں، قیادت کوئی امتیاز نہیں، ایک امانت ہے، قیادت کو دیانت، اخلاص، عدل اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا لازم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا علم و دانش کا مرکز ہے، مسلم دنیا کی ایک معزز ترین درسگاہ سے منسلک ہونا باعث اعزاز ہے، درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے، خواہش ہے کہ پاکستان اوریونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون مزید مضبوط ہو، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں، امت مسلمہ کو تنازعات، غربت اور باہمی انتشار سمیت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان اور ملائیشیا نوجوان آبادی سے مالا مال ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے مواقع فراہم کریں۔
مزید پڑھے