Social

سابق سینیٹر مشتاق احمد عمان سے گلف ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے

اسلام آباد (نیوزڈیسک) گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل سابق سنیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔ مشتاق احمد خان اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد اردن پہنچے تھے ، آج عمان سے گلف ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ جہاں عوام کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
مشتاق احمد خان کے استقبال کے لیے آنے والے شہریوں نے فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے گلے میں فلسطین کا کفیہ بھی پہن رکھا تھا۔ اسی حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اردن میں پاکستانی سفارتخانے نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جنہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے فلوٹیلا کو روکنے کے بعد حراست میں لیا تھا، بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

سابق سنیٹر مشتاق احمد خان نے اسرائیلی فورسز سے رہائی ملنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری ہے گی، اسرائیلی ناکہ بندی کو دوبارہ توڑیں گے۔ رہائی کے بعد جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا کہ مجھے الحمداللہ رہائی مل چکی ہے اور میں اردن پہنچ چکا ہوں تاہم دورانِ حراست اسرائیلی فورسز نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، 6 دن اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل میں قید رہے جہاں ہم پر کتے چھوڑے گئے، پیروں میں بیٹریاں ڈالی گئیں اور جسمانی و ذہنی اذیت دی گئی، پانی تک رسائی بھی نہیں دی گئی، ہم نے مطالبات کے حق میں 3 دن بھوک ہڑتال کی۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ 5 سے 6 روز قید میں رکھنے کے بعد 150 ساتھیوں سمیت مجھے رہا کر دیا گیا، اس وقت اردن میں موجود ہوں اور جلد پاکستان واپسی کا ارادہ ہے لیکن نسل کشی کرنے والے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے اور غزہ کو بچانے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم اسرائیل کے خاتمے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv