Social

صدر ٹرمپ نے بل پر دستخط کردیئے، امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ختم۔ عالمی خبر رساں ادارہ رائٹرز

واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک قانون پر دستخط کرکے امریکی تاریخ کا طویل ترین سرکاری شٹ ڈاؤن ختم کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے ذریعے متاثرہ فوڈ ایڈ پروگرام بحال کیے جائیں گے، لاکھوں وفاقی ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کا نظام دوبارہ فعال کیا جائے گا، ری پبلکن کی اکثریت والے ایوان نے یہ پیکیج 209 کے مقابلے میں 222 ووٹوں سے منظور کیا، یہ بل سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہوچکا تھا، ٹرمپ کے دستخط کے بعد اب 43 دن کے شٹ ڈاؤن سے متاثرہ وفاقی ملازمین کو جمعرات سے اپنی ملازمتوں پر واپس آنے کی اجازت دے گا لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ حکومت کی تمام سروسز اور ادارے کتنی جلدی مکمل طور پر بحال ہو پائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اس قانون کے تحت 30 جنوری تک فنڈنگ جاری رہے گی، فنڈنگ پیکیج کے مطابق 8 ری پبلکن سینیٹرز کو 6 جنوری 2021ء کے کیپٹل حملے کی وفاقی تحقیقات کے دوران ان کی پرائیویسی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر ہرجانے کے لیے درخواست دینے کا حق حاصل ہوگا، یہ قانون ماضی سے نافذالعمل ہوگا اور بیشتر معاملات میں کسی سینیٹر کے فون ڈیٹا کو بغیر اطلاع حاصل کرنا غیر قانونی قرار دے گا، جب کہ متاثرہ افراد کو محکمہ انصاف سے 5 لاکھ ڈالر تک کے ہرجانے، وکلاء کی فیس اور دیگر اخراجات کا مطالبہ کرنے کا حق دے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے 380 کھرب ڈالر کے قرض میں ہر سال تقریباً 18 کھرب ڈالر کا اضافہ جاری رکھے گی، ایوانِ نمائندگان کے ری پبلکن رکن ڈیوڈ شوئیکرٹ نے اپنے طنزیہ تبصرے میں کہا کہ ’مجھے لگ رہا ہے جیسے میں سیئن فیلڈ کی کسی قسط میں ہوں، ہم نے 40 دن گزار دیئے اور اب بھی سمجھ نہیں آیا کہانی کیا تھی، میں نے سوچا تھا یہ دو دن کی بات ہوگی، لوگ اپنا غصہ نکال لیں گے اور ہم دوبارہ کام پر واپس آ جائیں گے، اب تو لگتا ہے غصہ ہی پالیسی بن گیا ہے‘، اسی طرح نیوجرسی کی اگلی گورنر منتخب ہونے والی ڈیموکریٹ رکن میکی شیریل نے کانگریس سے اپنے الوداعی خطاب میں اس بل کی مخالفت میں کہا کہ ’ساتھیوں سے گزارش ہے اس ایوان کو ایسی انتظامیہ کی محض رسمی توثیق نہ بننے دیں جو بچوں سے کھانا چھینتی ہے اور عوام سے صحت کی سہولتیں چھین لیتی ہے، قوم سے کہنا چاہتی ہوں کہ ثابت قدم رہو‘۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv