
اسلام آباد (نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن نے حویلیاں جلسے کی تقریر پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سُہیل آفریدی کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف منسٹر خیبر پختونخوا ہ سہیل آفریدی کے حویلیاں جلسے کے خطاب کے دوران دیئے گئے بیان جس میں اُنہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن میں تعینات عملے کو دھمکایا اور جلسے میں موجود پبلک اور عمومی طور پر عوام کو اُکسانے پر نوٹس لیا ہے، اس موقع پر اُن کے ساتھ ایک مفرور مجرم بھی کھڑا تھا جس کی زوجہ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے ناصرف این اے 18 ہری پور میں پُرامن ضمنی انتخاب کا انعقاد مشکل ہوگیا ہے بلکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملہ اور ووٹروں کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہوا ہے، کمیشن نے حالات کی معاملے کی نزاکت کو سامنے رکھتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختو نخواہ کو حکم دیا کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر چیف سیکریٹری اور آئی جی سے میٹنگ کریں اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کے بعد ا پنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کریں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے معاملے کی سنگینی کو مدِنظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر خیبر پختونخوا ہ سہیل آفریدی اور امیدوار مسماۃ شہرناز عمر ایوب کو الیکشنز ایکٹ 2017ء اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کل مورخہ 21 نومبر 2025 کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں، مزید یہ بھی فیصلہ کیا کہ فوری طور پر سیکریٹری وزارت داخلہ کو چِٹھی ارسال کی جائے کہ حلقے میں وفاقی سکیورٹی اداروں کی مدد سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں تاکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ، دیگر انتخابی اہلکاروں، ووٹروں اور پبلک کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور پریذائیڈنگ آفیسرز کی پولنگ سٹیشنز کی طرف اور الیکشن کے بعد آر او آفس کی طرف اُن کی اور الیکشن مٹیریل کی نقل و حرکت کو تحفظ دیا جاسکے۔
ترجمان ای سی پی نے بتایا کہ کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ضمنی انتخابات کے دوران کسی فرد، شخصیت یا پبلک آفس ہولڈر نے الیکشن کے پُرامن انعقاد میں مداخلت یا خلل ڈالنے کی کوشش کی تو اُن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو بھی اسی طرح ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ اگر فیڈرل یا صوبائی حکومت کا کو ئی بھی عہدیدار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے یا ضمنی الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرے تو آئین اور قانون کے مطابق سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔
Comments