پشاور (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخواہ کو موصول ہوگیا اور فیصل کریم کنڈی نے اس کی بقاعدہ تصدیق بھی کردی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا ہاتھ سے لکھا گیا استعفیٰ گورنر ہاؤس کو موصول ہوا جس کو وصول کرلیا گیا ہے، آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت مکمل جانچ پڑتال اور قانونی رسمی کارروائیوں کے بعد استعفے کے حوالے سے درکار ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کا بطور وزیر اعلیٰ پختونخواہ استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر انہیں تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے خیبرپختونخواہ اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا ہے، اسمبلی کا یہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی قیادت کی رات گئے ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، آج کے اسمبلی اجلاس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب عمران خان کی طرف سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھی ردعمل آگیا، پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران جب ڈی جی آئی ایس پی آر سے عمران خان کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو اس پر ترجمان پاک فوج نے جواب دیا کہ ’اسٹیبلشمنٹ ریاست کا ادارہ ہے، آپ کہہ رہے ہیں کہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ یعنی ریاست مخالف قیادت لائی جا رہی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا‘۔
Comments