
لاہور(نیوزڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کے لئے خطرہ ہے ،آج سے ڈیڑھ سو سال پہلے کی سیاسی پارٹیاں آج سے زیادہ جمہوری تھیں۔نجی یونیورسٹی میں بلدیاتی نظام کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اتفاق نہیں ہے اورنہ ہوگا،بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کے لئے خطرہ ہے،اگر حکومت بلدیاتی انتخابات کرا دے تو نواز شریف ، آصف زرداری اور بانی پی ٹی آئی پاور انجوائے نہیں کرسکیں گے،سیاسی پارٹیاں نہیں چاہتیں کہ بلدیاتی نظام کا سٹرکچر بنے،انہوں نے کبھی بلدیاتی اداروں کے انتخابات نہیں کروائے،ملٹری ڈکٹیٹر کبھی نہیں چاہتے کہ سوسائٹی سولائزڈ ہو ۔
انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت نواز شریف اور بے نظیر کے درمیان طے ہوا کہ سندھ تمہارا پنجاب ہماراہے اورتیسرے کسی آدمی کو حکمرانی کا حق حاصل نہ ہو،سرفراز بگٹی وزیر اعلی بلوچستان ہیں بلوچستان کا بجٹ دیکھیں، ہم پیٹرول پر دس روپے دے رہے ہیں کہ بلوچستان میں سڑکیں بن جائیں وہاں سڑکیں نہیں بن رہیں،وزیر اعلی پنجاب اس وقت جتنا پیسہ خرچ کر رہی ہیں اتنا تو مغل بادشاہوں نے بھی خرچ نہیں کیا،تنخواہ دار طبقے ،مڈل کلاس اورکسانوں کا آپ نے بیڑا غرق کردیا ہے ،یہ سمجھتے ہیں کہ اگر بلدیاتی اداروں کو مضبوط کر دیں گے تو تو اوپر والے کیا کریں گے ،اس میں سیاست دان بھی شامل ہیں اس میں آمر بھی شامل ہیں اس میں بیورو کریسی بھی شامل ہے۔
Comments